التماس سورہ فاتحہ برائے والد بزرگوار،جملہ مومنین و مومنات،شھداۓ ملت جعفریہ ، خصوصاً وہ جن کا کوئی سورہ فاتحہ پڑھنے والا نہ ہو۔ یہاں کلک کریں

Search Suggest

ا ہلِ حرم سے وداع

4 min read
مختلف کتب مقاتل کی سیر سے اس قدر انداز ہو تا ہے کہ امام حسین ؑ متعدد مرتبہ خیام میں تشریف لائے اورواپس میدان کو گئے، چنانچہ ایک مرتبہ تشریف لائے اورعمامہ رسول سرپررکھا۔۔ قمیص رسول زیب تن فرمائی۔۔ رسالتمآب کی تلوار گلے سے حمائل کی اورجناب رسالتمآب کے گھوڑے پرسوار ہوکر اتمامِ حجت کے لئے میدان میں تشریف لائے۔۔ فرمایا:
اے اہل کوفہ وشام!  تمہیں خدا کی قسم دے کرپوچھتا ہوں۔۔ تم جانتے ہوکہ میں رسولؐ کا نواسہ ہوں، میراباپ علی ؑ مرتضیٰ جوہر مومن ومومنہ کا مولا اورساقی کوثرہے، میری ماں فاطمہ زہرا ؑ سیدۃالنسا ٔہے، میری جدہ خدیجہ کبریٰ ہے، میرا بھائی حسن مجتبیٰ اورچچا جعفر طیارہے، یہ رسول کا عمامہ میرے سرپر ہے۔۔ رسول کی قمیص میرے بدن پر ہے اوریہ تلواروگھوڑا اُنہی کا ہے:
اَلَمْ تَعْلَمُوْا اِنِّی ابْنُ بِنْتِ نَبِیِّکُمْ
وَوَالِدِی الْکَرَّارُ لِدِّیْنِ کَمَّلَا
کیا تم نہیں جانتے کہ میں محمدؐ کا نواسہ ہوں اورمیراباپ حیدر کرارہے جس نے دین کوکامل کیا۔
فَھَلْ سُنَّۃً غَیَّرْتُھَا اَمْ شَرِیْعۃً
وَ ھَلْ کُنْتُ فِیْ دِیْنِ الْاِلٰہِ مُبَدِّلاً
کیا میں نے سنت یا شریعت کو بدلا ہے؟ یا میں نے دین خدا میں کوئی تبدیلی کی ہے؟
 سب نے جواب دیا کہ آپ ؑ جوکچھ فرمارہے ہیں درست ہے، توآپ ؑنے فرمایا پھر میراقتل کیوں حلال جانتے ہو؟ اوریہ پانی جویہود وانصاریٰ بھی پی رہے ہیں اس سے مجھے اورخاندانِ رسول کی شہزادیوں اوربچوں کو کیوں محروم کرتے ہو؟ لیکن ان سنگ دلوں پران کلمات کا ذرّہ بھر اثر نہ ہوا  (محرق القلوب ص ۱۰۳)
بروایت ابومخنف آپ ؑ نے ایک مرتبہ دائیں طرف دیکھا تو کوئی ناصرنظر نہ آیا پھر بائیں جانب نگاہ کی تو کوئی مددگا ر نظر نہ آیا، آپ ؑ اکیلے رہ گئے تھے اورباربار خشک زبان ہونٹوں پرپھیرتے تھے، تمام جانثار خاکِ گرمِ کربلاپر اطمینان کی نیند سوچکے تھے اورخاک شفا کا کفن اوڑھے ہوئے امام ؑ کے سامنے گرم دھوپ پران کی لاشیں موجود تھیں، ایک مرتبہ حسرت بھری نگاہ سے ان کودیکھا اورپھر صدادی:
اے مسلم بن عقیل۔۔ ہانی بن عروہ۔۔ حبیب بن مظاہر۔۔ زہیر بن قین۔۔ یزید بن مہاجر۔۔ یحییٰ بن کثیر۔۔ نافع بن ہلال۔۔ ابراہیم بن حصین۔۔ عمر بن مطاع۔۔ اسد کلبی۔۔ عبداللہ بن علی۔۔ علی اکبر۔۔ مسلم بن عوسجہ۔۔ دائود بن طرماح۔۔ حرریاحی
یَا اَبْطَالَ الصَّفَا وَ یَا فُرْسَانَ الْھَیْجَاء مَالِیَ اُنَادِیْکُمْ فَلا تُجِیْبُوْنِی وَاَدْعُوْکُمْ فَلاَ تَسْمَعُوْنِیْ۔
اے میدانِ کا رزار کے بہادرو!    اے عرصۂ جنگ کے شہسوارو!
کیا بات ہے میں تم کو بلارہاہوں اورتم جواب بھی نہیں دیتے؟ اورمیں تم کو آوازدے رہاہوں لیکن تم آج سنتے بھی نہیں؟ کیا تم حالت خواب میں ہوکہ تمہاری بیداری کی انتظارکرلوں؟
فَھٰذَہٖ نِسَائُ الرَّسُوْلِ لِفَقْدِکُمْ عَلَاھُنَّ النُّحُوْل۔
یہ دیکھوخاندانِ عصمت کی شہزادیاں تمہارے چلے جانے سے حال پریشان ہیں؟ میرے غیورجوانو!  اپنی نیند سے اٹھواوران کمینے ظالموں سے حرم رسول کی حفاظت کرو، (یہ روایت اسد کلبی کے حالات میں گزر چکی ہے)
’’محرق القلوب ص۱۴۷‘‘ میں ہے کہ امام عالیمقام ؑنے اس وقت ایک سرد آہ کھینچی کہ زمین میں زلزلہ پیدا ہوا، بچوں کی یتیمی اوراہل حرم بہنوں اوربیٹوں کا فکر دامن گیر ہوااوربہت روئے کہ ریش مبارک سے آنسوکے قطرے موتیوں کی طرح جھڑنے لگے، پس آسمان کی طرف نظر کی اورفرمایا:
اَللّٰھُمَّ اِنَّکَ تَرَی مَا یُصْنَعُ بِوَلِدِ نَبِیِّک؟
اے میرے اللہ!  توجانتاہے جوسلوک تیرے نبی کی اولاد سے ہورہاہے؟
پس آپ ؑ نے جنگ کی اور شیر خدا کی طرح دادِ شجاعت دی، کافی ملاعین کوفی النار کرنے کے بعد واپس آئے اورایک ٹیلے پر کھڑے ہوکر بآوازبلند استغاثہ کیا:
ھَلْ مِنْ نَاصِرٍ یَنْصُرُ آلَ مُحَمّدٍ۔۔ ھَلْ مِنْ ذَابٍّ یَذُبُّ عَنِ الذُّرِّیَّۃِ الْاَطْھَارِ۔۔  ھَلْ مِنْ مُغِیْثٍ یُغِیْثُنَا کیاکوئی ہے جوآل محمد کی مددکرے؟ کیا کوئی ہے جوپیغمبر کی ذرّیت طاہرہ سے دشمنوں کے شرّکودورکرے؟ کیا کوئی ہے جوہماری فریاد رسی کرے۔
جب اہل حرم نے امام مظلوم ؑ کی پریشانی وبے کسی دیکھی توایک کہرام ماتم بپا ہو اورکیوں نہ ہوتا؟ جن بہنوں کے سامنے ایک طرف عزیزوں کی سربرید ہ لاشیں گرم زمین پربے گوروکفن موجود ہوں اوردوسری طرف حسین ؑ جیسابھائی پیاس کی شدت سے خشک زبان ہونٹوں پرپھر رہاہو؟ اوراستغا ثہ کی آواز پر کوئی لبیک کہنے والانہ ہو اور ساتھ ساتھ بھائی کی موت کے بعد اپنی اسیری وبے چار گی کی فکر بھی دامن گیر ہو وہ کیوں نہ روئیں؟ اسی طرح وہ شہزادیاں جن کے سرپر یتیمی منڈلارہی ہو اورجوان بھائی سامنے ایڑیا ں رگڑ رہے ہوں اورحسین ؑ جیسے باپ کا سایہ سرسے اٹھنے والا ہو اور اسیری وقید کا منظر بھی سامنے ہو وہ کیسے ماتم نہ کریں؟ اسی طرح وہ مخدرات جن کا علی اکبر جیسا فرزند ذبح ہوچکا ہو اورحسین ؑ جیسے سردار کا سایہ سرسے اٹھنے والا ہو وہ کیوں نہ واویلا کریں؟ حضرت امام زین العابدین ؑ نے جب یہ جگرخراش منظر دیکھا توبستربیماری سے اُٹھے نیزہ ہاتھ میں لیا۔۔ اُفتاں وخیزاں خیمہ سے باہر نکلے اور میدان کا رخ کیا، جناب امّ کلثوم پہنچیںاوردریافت کیابیٹاکیا ارادہ ہے؟ حضرت سجاد ؑ نے عرض کیا پھوپھی جان میں اپنے باباکی مددکے لئے جاتاہوں کہ وہ استغاثہ کر رہے ہیں اوران کی صداپرلبیک کہنے والاکوئی نہیں ہے؟ اتنے میں امام حسین ؑ نے دیکھا اور فرمایا بیٹا خداکے لئے تم واپس جائو کیونکہ میری نسل کی بقاتیری وجہ سے ہی ہوگی اوراہل حرم کی حفاظت ونگہداری بھی تمہارے ذمہ ہوگی، پھرفرمایااے امّ کلثوم میرے بیمار فرزند کوواپس لے جائو کہ زمین نسل آل محمد سے خالی نہ ہو جائے۔
امام مظلوم ؑ نے جب اہل حرم کی بے تابی دیکھی اوربچوں کی سراسیمگی کو ملاحظہ فرمایا اورآہ وفغاں کا دل سوزوجگر خراش منظر دیکھا توعنانِ اسپ کوخیموں کی طرف موڑا اورایک مرتبہ خیام میں تشریف لائے، حضرت سجاد کو تسلی دی اورفرمایا بیٹاتم میرے وصی ہو اورتمام اہل حرم کی پاسبانی تمہارے ذمہ ہے گویا اب میری اس کشتی کے ملاح تم ہو اوراس لٹے ہوئے قافلہ کے سالار تم ہی ہو، پھر باپ وداداکے تبرکات ان کے حوالہ کئے اوردیگر وصیتیں بھی کیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں