التماس سورہ فاتحہ برائے والد بزرگوار،جملہ مومنین و مومنات،شھداۓ ملت جعفریہ ، خصوصاً وہ جن کا کوئی سورہ فاتحہ پڑھنے والا نہ ہو۔ یہاں کلک کریں

Search Suggest

قبول توبہ حضرت آدم 

قبول توبہ حضرت آدم 
7 min read
قبول توبہ حضرت آدم
حضرت آدم نے جن کلمات سے توبہ کی روایات میں ان کے الفاظ مختلف ہیں، تفسیر عیاشی سے بروایت حضرت امام محمدباقر جناب رسالتمآب سے منقول ہے کہ دعاکے کلمات یہ تھے لَاْ اِلٰہَ اِلَّا اَنْتَ سُبْحَانَکَ اِنِّیْ ظَلَمْتُ نَفْسِیْ فَاغْفِرْلِیْ اِنَّکَ اَنْتَ الْغَفُوْرُ الرَّحِیْم
بعض روایات میں حضرت امام محمد باقر سے منقول ہے کہ کلمات یہ تھے سُبْحَانَکَ اللّٰھُمَّ وَ بِحَمْدِکَ رَبِّ اِنِّیْ عَمِلْتُ سُوْءً وَ ظَلَمْتُ نَفْسِیْ فَاغْفِرْلِیْ اِنَّکَ اَنْتَ الْغَفُوْرُ الرَّحِیْم
ان کے علاوہ دیگر روایات بھی ہیں لیکن مقصد سب میں حمدوثنائے باری تعالیٰ اوراس کے بعد اپنے قصور کا اعتراف اورطلب معافی ہے، چنانچہ خود قرآن مجید ان کی دعاکے کلمات یہ بیان فرماتا ہے رَبَّنَا ظَلَمْنَا اَنْفُسَنَا وَ اِنْ لَّمْ تَغْفِرْلَنَا وَ تَرْحَمْنَا لَنَکُوْنَنَّا مِنَ الْخَاسِرِیْنَ [1]
اس سے خیال نہ کیا جائے کہ قرآن مجید کے الفاظ سے روایات کے الفاظ مختلف یاکم وبیش کیوں ہیں، کیونکہ قرآن مجید میں اکثر وبیشتر مطالب ایسے ہیں جو اجمالاًبیان ہوئے ہیں اورروایات میں ان کی تفصیل موجود ہے لہذا اس صورت میں قرآن مجید اورالفاظِ روایات میں منافات نہیں بلکہ اجمال وتفصیل کا فرق ہے-
نیز معصومین﷨ سے نقل شدہ روایات کے الفاظ کا اختلاف بھی کوئی باہمی منافات نہیں رکھتا کیونکہ ممکن ہے کہ راویانِ حدیث میں سے کسی نے کلام کو پورا ضبط کرلیا تو پورے الفاظ آگے چل کر نقل کردئیے اورکسی کو پوری روایت یاد نہ رہی تو اس نے اس کا معنی نقل کردیا، اسی وجہ سے ایک ہی روایت متعدد راویوں سے مختلف الفاظ میں نقل ہو جاتی ہے، یہ یاد رہے کہ حضرت آدم نے جب توبہ کی تو اس توبہ کا طریقہ بھی خداوند کریم نے خود تعلیم فرمایا جس طرح کہ قرآن مجید میں موجود ہے فَتَلَقّٰی آدَمُ مِنْ رَّبِّہِ کَلِمَاتٍ  یعنی حضرت آدم نے اپنے ربّ سے کلمات سیکھے اورمتواتر روایات آئمہ طاہرین میں ہے کہ خمسہ نجبا یعنی حضرت محمد مصطفے، حضرت علی، جناب فاطمہ، حضرت امام حسن،اورحضرت امام حسین کو واسطہ دے کر دعا کی، چنانچہ شیخ کلینیv اورشیخ صدوقv سے مروی ہے جیساکہ تفسیر برہان میں مذکور ہے-
نیز ابن بابویہ vسے مسندًامعمر بن راشد سے منقول ہے کہ میں نے حضرت امام جعفر صادق سے سناکہ ایک دفعہ ایک یہودی حضرت رسالتمآب کی خدمت میں حاضر ہوا اورسامنے کھڑے ہو کر آنحضرتؐ پر نظر جماکر دیکھنے لگا آنحضوؐر نے ارشاد فرمایااے یہودی کیا چاہتا ہے؟ اس نے جواب میں عرض کیا حضوؐر مجھے فرمائیے کہ آپؐ افضل ہیں یا حضرت موسی بن عمران جن سے خدانے کلام فرمائی، تورات وعصاکو نازل کیا، دریا کو شق کیا، بادل کا سایہ کیا؟ حضوؐر نے فرمایا انسان کے لئے اچھا نہیں کہ اپنی تعریف کرے لیکن میں اتنا کہتا ہوں کہ جب حضرت آدم سے خطاسرزد ہوئی تو ان کی توبہ کے الفاظ یہ تھے  اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ بِحَقِّ مُحَمَّدٍ وَّ آلِ مُحَمَّدٍ لِمَا غَفَرْتَ پس خدانے ان کو معاف کردیا- [2]
 اورجب حضرت نوح کشتی پر سوار ہوئے اورغرق ہونے کا خطرہ لا حق ہوا تو یہ کلمات کہے اَللّٰھُمَّ اِنِّیّ اَسّئَلُکَ بِحَقِّ مُحَمَّدٍ وَ آلِ مُحَمَّدٍ لِمَانَجَّیْتَنِیْ مِنَ الْغَرْقِ   یعنی میرے اللہ میں تجھ سے بحق محمد وآل محمد سوال کرتاہوں کہ مجھے غرق سے نجات دے پس اللہ نے ان کو نجات دی- [3]
 اورحضرت ابراہیم کو جب آگ میں پھینکا گیا تو انہوں نے وہی الفاظ دہرائے یعنی میرے اللہ میں تجھ سے محمد وآل محمد کے واسطہ سے سوال کرتاہوں کہ مجھے اس سے نجات دے پس اللہ نے آگ کو ٹھنڈ ا اور موجب سلامتی کردیا-
 اورجب حضرت موسی نے اپنا عصاپھینکا اوردل میں ڈر محسوس کیا تو یہ کلمات کہے اے اللہ میں تجھ سے بحق محمد وآل محمد سوال کرتا ہوں کہ مجھے بچا، پس ارشادِ قدرت ہوا  لَاْ تَخَفْ اِنَّکَ اَنْتَ الْاَعْلٰی-
پھر آپؐ نے فرمایا  اے یہودی!
اگر موسی مجھے پالیتے اورمیری نبوت پر ایمان نہ لاتے تو اس کو اپنا ایمان اور اپنی نبوت کچھ فائدہ نہ دیتی اے یہودی میری ذرّیت سے مہدی ہو گا کہ جب وہ ظاہر ہوگا اس کی مدد کےلئے عیسی بن مریم اُتریں گے اوراس کو آگے کھڑا کرکے خود اس کے پیچھے نماز پڑھیں گے-[4]
ابن شہر آشوب سے بروایت خصائص نطنزی ابن عباس سے مروی ہے کہ حضرت آدم نے خمسہ نجبا﷨کے وسیلہ سے دعامانگی اورالفاظ یہ کہے یَا رَبِّ اَسْئَلُکَ بِحَقِّ مُحَمَّدٍ وَّعَلِیٍّ وَّ فَاطِمَہَ وَ الْحَسَنِ وَ الْحُسَیْنِ لِمَا غَفَرْتَ لِیْ
 پس خدانے اس کو توبہ قبول کرلی اوریہی وہ کلمات ہیں جو حضرت آدم نے اپنے پروردگار سے حاصل کئے جس کے متعلق قرآن میں ہے فَتَلَقّٰی آدَمُ مِنْ رَبِّہِ کَلِمَاتٍ فَتَابَ عَلَیْہِ
تفسیر برہان میں حضرت امام محمدباقر سے مروی ہےکہ پیدائش سے قبضِ روح تک حضرت آدم کی کل عمر ۹۳۰برس تھی اوردفن مکہ میں ہوئے تھے، جس وقت حضرت آدم کے جسد خاکی میں روح داخل کی گئی تو وہ جمعہ کا دن تھا اورزوال کے بعد روح ان کے جسم میں داخل ہوئی، اس کے بعد ان کی زوجہ پیدا ہوئی اوراسی دن داخل جنت ہوئے کل چھ گھنٹے جنت میں رہنے کے بعد ترکِ اَولیٰ کی وجہ سے غروبِ شمس کے بعد جنت سے باہر آگئے وہاں ایک رات بھی نہیں رہے -
پس یہ تھا حضرت آدم کے جنت میں رہنے کا مطلب اورترکِ اَولیٰ کا واقعہ اورتوبہ وقبول تو بہ کا قصہ جس کو میں نے تفصیل سے عرض کردیا، اس میں نہ حضرت آدم کا گناہ ثابت ہو تاہے نہ خلافِ عصمت ونبوت کوئی شئے لازم آتی ہے، نہ منافی عقل ہے اورنہ مخالف نقل، تفسیر ہذا کی جلد اوّل[5] مقدمہ تفسیر میں میں نے عصمت آدم کے متعلق ایک دوسرا عقلی طریقہ اختیار کیا تھا لیکن یہ بیان اس بیان سے زیادہ واضح اورزیادہ موافق عقل ونقل ہے، اس میں معانی آیات کی بھی چنداں تاویل کی ضروت نہیں رہتی اورمضامین روایات سے بھی اس کو کوئی تصادم نہیں بلکہ یہ بیان مضمون روایات کے مطابق ہے وَاللّٰہُ اَعْلَمُ
تنبیہ:  حضرت آدم بلکہ تمام انبیا﷨ کی عصمت  میں کسی قسم کا شک وشبہ کرنا حرام و ناجائز ہے اور انبیا﷨ کے متعلق گناہ کو منسوب کرنا خواہ گناہ صغیرہ ہو خواہ کبیرہ، قبل از بعثت ہو یا بعد از بعثت، منافی ایمان ہے-
 خداوند کریم نے انبیا﷨ کو قرآن مجید میں مصطفٰی، مجتبیٰ، اَخیار، مخلصین، منعم علیہ اور صالحین وغیرہ کے پاکیزہ خطابات سے نوازا ہے اور جن کو خداوند﷯  ان جیسے مقدس الفاظ سے ذکر فرمائے ان کی عصمت پر اس سے زیادہ نقلی برہان اور کیا ہوسکتا ہے ؟
اور یہ ناممکن ہے کہ خداوندکریم عہدہ نبوت کےلئے ایسے افراد کو انتخاب کرے جو خود گناہ سے اجتناب نہ کرتے ہوں، کیونکہ خود گناہوں سے نہ بچ سکنے والا دوسروں کو گناہوں سے بچنے کی تبلیغ نہیں کرسکتا، اسلئے کہ جس شخص کا قول اپنے فعل کے خلاف ہو اس کی بات سننے والوں کے دلوں میں گھر کر سکتی ہی نہیں، پس ضرور ی ہے کہ خدا کی طرف سے عہدہ نبوت پر فائز ہونے والا معصوم ہو-
 دیگر چند عقلی ادلّہ وبراہین تفسیرہذا کی جلداول[6]  میں پیش کیے جاچکے ہے اور ہماری کتاب ”لمعةُ الانوار فی عقاید الابرار “کے مطالعہ سے یہ مسئلہ بآسانی سمجھا جا سکتا ہے-
پس جب قرآن مجید میں انبیا﷨ کی مصطفائی ومجتبائی کا کھلا اعلان موجود ہے جو ثبوتِ عصمت انبیا﷨ کےلئے کافی ہے تو قرآن میں ایسے واقعات یا ایسے الفاظ جن سے انبیا ﷨کی عصمت کے خلاف اثر پڑتا ہے ہو وہ واجب التاویل ہیں-
بعض لوگ ممکن ہے کہ اس کی تاویل سے عاجز آکر اصل واقعہ کا انکار کرکے اس کو ایک تمثیل قرار دے دیں اور کہیں کہ قرآن کی دوسری مثالوں کی طرح یہ بھی ایک مثال ہے اور دراصل واقعہ کچھ نہیں یا بعض لوگ اس کو عقل و وہم کی تعبیریں قرار دے دیں یعنی آدم سے مرادعقل انسانی اور وہم سے مراد وہم انسانی ہے اور گویا قرآن پاک میں عقل و وہم کی کشمکش کو حسی مثال سے واضح کیاگیا ہے لیکن یہ صراحت قرآن وحدیث کے بالکل خلاف ہے -
بعض لوگ حضرت آدم کے متعلق قرآنی بیان کی صحیح تاویل تک دسترس نہ پانے کے باعث اصل واقعہ کا انکار اس طرح کرتے ہیں کہ جملہ خطاباتِ قرآنیہ کا رُخ اولادِ آدم کی طرف ہے، جیسا کہ ”عصمت آدمؑ کے مصنّف نے کیا ہے، میرے خیال میں اس قسم کے خیالات کا  اظہار کوتاہ فہمی ہے کیونکہ جب قرآن مجید کی تصریحات اور آئمہ معصومین کی روایات بحدِتواتر واقعہ کو حضرت آدم کی ذات سے مخصوص کرتی ہیں تو کسی مسلمان کو اس کا انکار کس طرح زیبا ہے؟
بے شک عصمت انبیا﷨کے منافی الفاظ کی تاویل کرنا ضروری ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اصل واقعہ جو قرآن وحدیث کی رو سے مسلم طور پر ثابت ہو اس کا سرے سے انکار کردیا جائے؟
پس ہمارا عقیدہ ہے کہ واقعہ کا تعلق حضرت آدم کی ذات سے ہے اور منافی عصمت بھی نہیں، اس بیان میں طول ہو گیا ہے لیکن امید ہے کہ افادیت کے پیش باعث ملول نہ ہو گا-




[1] سورہ اعراف آیہ ۲۳
[2] مستدرك حاكم نيشاپوري  ج۲  ص۶۱۵،  دلائل النبوة بيہقي ج۵ ص۴۸۹،  كنز العمال متقی ہندي ج۱۱  ص۴۵۵،در المنثورج۱ ص۵۹،  روح المعانی ج۱ ص۲۱۷
[3] غایۃ المرام بحرانی، احتجاج طبرسی
[4] جامع الاخبار ص۷ ، امالي شیخ صدوق ص۱۳۱، بحار الانوار ج۱۶ ص۳۶۶
[5] تفسیر انوار النجف فی اسرار المصحف ج۱
[6] تفسیر انوار النجف فی اسرار المصحف ج۱

ایک تبصرہ شائع کریں