التماس سورہ فاتحہ برائے والد بزرگوار،جملہ مومنین و مومنات،شھداۓ ملت جعفریہ ، خصوصاً وہ جن کا کوئی سورہ فاتحہ پڑھنے والا نہ ہو۔ یہاں کلک کریں

Search Suggest

نماز وزکوة کا بیان

نماز وزکوة کا بیان
2 min read

نماز وزکوة کا بیان

اَقِیْمُوْا الصَّلوٰةَ: تمام عبادات میں سے نماز اورزکوة افضل ہیں، نماز عباداتِ بدینہ میں سے افضل ہے اور زکوة عباداتِ مالیہ میں سے افضل ہے -
نماز:
اصول  کافی میں بروایت زرارہ حضرت امام محمد باقر سے منقول ہے کہ آپ نے فرمایا نماز سے سستی نہ کرو کیونکہ جناب رسالتمآب نے اپنے آخری وقت میں فرمایاکہ نماز کو خفیف جاننے والامجھ سے یعنی میری امت سے نہیں ہے اور شراب پینے والابھی میری امت سے نہیں ہے خدا کی قسم ایسا شخص میرے پاس ہرگز حوض کوثر پرواردنہ ہوگا-
نیز دوسری روایت میں ہے کہ حضور نے فرمایاکہ مومن جب تک نماز کا پابند رہے شیطان اس سے خوف زدہ رہتا ہے جب یہ نما ز کو ضائع کردے تو وہ اس پر غلبہ حاصل کرکے اس کو دوسرے گناہان کبیرہ میں مبتلاکردیتاہے-
نیز حضرت امام محمد باقر سے منقول ہے کہ جو شخص فرضی نمازوں کو پابندی وقت سے ادا کرے وہ غافلین میں شمار نہ ہوگا-
 حضرت امام موسیٰ کاظم سے منقول ہے کہ میرے والد بزرگوار نے آخری وقت میں مجھے فرمایا بیٹا جو شخص نماز کو خفیف سمجھے  اس کو ہماری شفاعت نہ پہنچے گی-
نیز حضرت رسالتمآب نے فرمایاکہ ہر شئے کا چہرہ ہوا کرتاہے اورتمہارے دین کا چہرہ نمازہے پس تم اپنے دین کے چہرہ کو بدنمانہ کرو-
 کافی روایات سے معلوم ہوتاہے کہ معصومین﷨ نے اپنے آخری وقت میں سب سے پہلے نماز کی وصیت فرمائی حتی کہ حضرت امام حسین نے خیام سے آخری رخصت کے وقت اپنے بیمار فرزند کو سب سے پہلے نماز کی وصیت فرمائی اورابوثمامہ صیداوی نے جب نمازکا وقت یاد دلایا تو آپ نے نہایت خوش ہو کر اس کو یہی دعا فرمائی کہ خداتجھے نمازیو ں میں محشور کرے-
مومنین کو واقعہ کربلاسن کر امام حسین کی فرمائشات اورآخری وصیت کی قدر کرنی چاہیے نماز کے مسائل کی پوری تفصیل ملاحظہ کیجئے- [1]
زکوٰة:
اصول کافی میں ہے حضرت امام جعفر صادق نے محمد بن مسلم سے فرمایا کہ جو شخص اپنے مال زکوٰةمیں سے کوئی چیز روک دے اور ادا نہ کرے خداوند کریم بروز محشر اس مال کو اژدھا کی شکل دے کر اس کی گردن میں ڈال دے گا جو اسے نوچتا رہے گا یہاں تک کہ مخلوق کا حساب ختم ہو-
ایک روایت میں ہے کہ جناب رسول خدانے نام لے کر پانچ آدمیوں کو اپنی مسجد سے نکال دیا اورفرمایا کہ تم چونکہ زکوة ادا نہیں کرتے لہذا اس مسجد میں نماز بھی نہ پڑھو-
 ابوبصیر سے مروی ہے کہ حضرت امام جعفر صادق نے فرمایا کہ جو شخص زکوة کا ایک قیراط ادانہ کرے نہ وہ مومن ہے اور نہ مسلمان ہے، اورروایت میں ہے کہ اس کی نماز بھی مقبول نہیں ہے-
حضرت امام جعفر صادق نے فرمایا کہ جب قائم آل محمد کا ظہو ر ہو گا تو زکوة نہ دینے والوں کی گردنیں اڑادیں گے -
نیز جناب رسالتمآب سے منقول ہے کہ جس مال سے زکوة ادا نہ ہواس پر لعنت ہے زکوة کے مسائل کی تفصیل  ملاحظہ ہو-  [2]


[1] انوار النجف فی اسرار المصحف ج۹
[2] انوار النجف فی اسرار المصحف ج۷

ایک تبصرہ شائع کریں