التماس سورہ فاتحہ برائے والد بزرگوار،جملہ مومنین و مومنات،شھداۓ ملت جعفریہ ، خصوصاً وہ جن کا کوئی سورہ فاتحہ پڑھنے والا نہ ہو۔ یہاں کلک کریں

Search Suggest

شادی کرنے کے متعلق ہدایات

بروایت قرب الاسناد حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے منقول ہے آپ نے فرمایا شادی شدہ انسان کا دو رکعت نماز ادا کرنا بغیر شادی کے ساری رات کی عبادت ۔۔۔
4 min read

بروایت قرب الاسناد حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے منقول ہے آپ نے فرمایا شادی شدہ انسان کا دو رکعت نماز ادا کرنا بغیر شادی کے ساری رات کی عبادت اور دن کے روزہ سے افضل ہے۔

بروایت خصال حضرت امیر المومنین علیہ السلام سے مروی ہے آپ نے فرمایا شادی کرو کیونکہ حضرت پیغمبرؐ اکثر فرمایا کرتے تھے جو شخص میری سنت پر چلنا چاہے وہ ضرور شادی کرے کیونکہ شادی کرنا میری سنت ہے اور اولاد کی طلب دل میں رکھو کیونکہ میں کل بروز قیامت اپنی امت کی کثرت پر فخر کروں گا۔

امالی طوسی سے منقول ہے حضرت پیغمبرؐ نے فرمایا جس شخص نے شادی کر لی ۔ اس نے نصف دین کومحفوظ کر لیا اب باقی نصف کے بارے میں اللہ سے ڈرنا چاہیے۔

کتاب ثواب الاعمال سے منقول ہے حضرت امام جعفر صادق نے فرمایا شادی شدہ انسان کی دو رکعت بغیر شادی کے ستر رکعت سے افضل ہیں۔

روضہ الواعظین سے منقول ہے حضرت پیغمرب نے فرمایا جو چاہے کہ میں پاک و پاکیزہ ہو کر دربار توحید میں پیش ہوں تو شادی شدہ ہونا چاہیے۔

آپ نے فرمایا مرنے والوں میں سے بد ترین وہ ہیں جو کنوارے مرتے ہیں۔

دوسری روایت میں آپ نے فرمایا مرنے والوں میں سے رزیل ہیں جو کنوارے مرتے ہیں۔

جامع الاخبار سے منقول ہے حضورؐ نے فرمایا نکاح میری سنت ہے اور جو شخص میری سنت سے رو گردانی کرے وہ میری امت سے نہیں ہے۔

امالی طوسی سے منقول ہے ایک عورت نے امام محمد باقر علیہ السلام سے عرض کی کہ حضور میں متبلہ ہوں (گوشہ نشین ہوں) آپ نے پوچھا کہ اس سے تیری کیا مراد ہے اس نے جواب دیا کہ میں شادی نہیں کی اور آئندہ بھی شادی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی آپ نے پوچھا کہ یہ کس لئے؟ تو اس نے جواب دیا کہ میں اس کو ثواب سمجھتی ہوں آپ نے فرمایا اگر بغیر شادی کے موجب ثواب ہوتا تو جناب فاطمہؑ بنت محمدؐ اس ثواب کو ضرور اختیار فرمائیں جو تم سے فضل و کمال میں تمام عورتوں سے افضل تھیں ۔

جامع الاخبار سے منقول ہے حضرت پیغمبرؐ نے فرمایا شادی شدہ انسان کی نیند اس شخص کے نماز و روزہ سے بہتر ہے جو بغیر شادی کے ہو۔

آپؐ نے فرمایا چار مواقع پر آسمان کے دروازے کھلتے ہیں اور اللہ کی رحمت برستی ہے۔

·        بارش کے وقت۔

·        اولاد جب محبت بھری نگاہوں سے اپنے والدین کی زیارت کرے ۔

·        کعبہ کا دروازہ کھلنے کے وقت۔

·        نکاح کے وقت۔

عکاف نامی شخص سے حضرت پیغمبرؐ نے دریافت کیا کہ تو شادی شدہ ہے؟ تو اس نے نفی میں جواب دیا پھر آپ نے پوچھا کیا تومالدار ہے؟ اس نے اثبات میں جواب دیا تو آپ نے فرمایا تم شادی کر لو ورنہ گنہگار ہو گے۔

o       دوسری روایت میں ہے شادی کر لے ورنہ تیرا شمار نصرانیوں کے راہبوں میں ہوگا۔

o       تیسری روایت میں ہے شادی کر لے ورنہ تو شیاطین کا بھائی شمار ہو گا۔

o       جامع الاخبار سے منقول ہے حضورؐ نے فرمایا تم میں سے بد ترین لوگ وہ ہیں جو کنوارے ہیں اور کنوارے شیاطین کے بھائی ہیں۔

o       دوسری  روایت میں آپ نے فرمایا میری امت کے بہترین لوگ وہ ہیں جو شادی شدہ ہوں اور بد ترین وہ ہیں جو کنوارے ہوں ۔

اقول: ان روایات سے مراد وہ کنوارے ہیں جو شادی کر سکنے کے باوجود نہ کریں اور شادی کو کوئی اہمیت نہ دیں کیونکہ ایسے لوگ جنسی ضرورت سے بے نیاز تو ہو نہیں سکتے لہذا شیطان ان کو ورغلا پھسلا کر غلط کاریوں میں مبتلا کر دیتا ہے اور پھر ایسے لوگ انسانی شرافت سے دور ہو کر حیوانی پستی میں جا کودتے ہیں اور ناموس انسانی کو تباہ کر بیٹھتے ہیں پس نوجوان عورتیں ہوں یا مرد ان کا شادی کے بغیر رہنا حضرت پیغمبرؐ کی روح پاک کے لئے اذیت کا باعث ہے۔

نوادر راوندی سے منقول ہے حضرت پیغمبرؐ نے فرمایا جو نوجوان ابتدائے شباب میں شادی کر لے تو شیطان چیختا چلاتا ہے کہ ہائے اس شخص نے اپنا دو تہائی دین مجھ سے بچا لیا پس ایسے شخص کو باقی ایک تہائی کی حفاظت کرنی چاہیے۔

تنبیہ: جو ماں باپ اپنی جواب لڑکیوں کی شادی نہیں کرتے وہ ان پر ظلم کرتے ہیں روایات میں ہے کہ لڑکی شادی ایسی عمر میں کر دینی چاہیے۔ کہ وہ پہلی ماہوار بھی اپنے شوہر کے گھر میں جا کر دیکھے  تا کہ لڑکی کی عصمت محفوظ ہو جائے اور نا جائز خیالات اور غلط تعلقات کے خیال تک اس کے دل میں خطور نہ کر سکے۔

نوادر راوندی سے منقول ہے حضرت پیغمبرؐ نے فرمایا بیوہ عورتوں کی شادی کر دیا کرو کیونکہ اس سے ان کے اخلاق اچھے رہتے ہیں ان کے رزق میں وسعت ہوتی ہے اور ان کی مروت میں زیادتی ہوتی ہے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں